حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل نے حکومت کی جانب سے حج کیلئے سبسڈی دینے کو جائز قرار دیدیا ہے۔ ریاست مدینہ کے خدوخال تیار کرنے کیلئے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیدیا ہے۔ یہ فیصلے کونسل کے د وروزہ اجلاس میں کئے گئے۔
اجلاس کے بعد چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ کونسل نے طے کیا کہ حج اخراجات پر حکومت سبسڈی دے سکتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ حج کیلئے بلاتفریق عمومی سہولیات فراہم کرے، زکو ۃکی رقم سے یہ سبسڈی نہیں دی جاسکتی حکومت کسی دوسری مدسے یہ سبسڈی دے البتہ مراعات مثلاً ٹرانسپورٹ، رہائش گاہوں اور دیگر سہولیات عازمین کو دینے کیلئے سبسڈی دیناجائزہے اور یہ سبسڈی پرائیویٹ حاجیوں کوبھی دی جاسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست مدینہ کے نمایاں خدوخال کے بارے میں کونسل کی قائم کردہ کمیٹی کی ابتدائی سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور اس پر مزید کام کیلئے ڈاکٹر فرخندہ ضیاء ، ڈاکٹر سید محمد انور، خورشید ندیم اور علامہ عارف حسین واحدی پر مشتمل ورکنگ گروپ قائم کیا گیا۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ حکومت کو یہ تجویز پیش کی جائیگی کہ خواتین کو وراثت کے حق سے محروم کرنے کی کوششوں کے انسداد کیلئے جامع اور مؤثر انسدادی قوانین بنائے جائیں، نظریاتی کونسل وزارت انسانی حقوق کیساتھ ملکراس پر کام کریگی۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ شراب ممانعت کے بارے میں ایک خط موصول ہوا ہے کہ اسے ممنوع قرار دیا جائے اس حوالے سے تمام مذاہب کے رہنماؤں سے نکتہ نظر لیکر آئندہ ایجنڈا میں زیر بحث لائینگے۔